آن لائن کام کے منفی پہلو۔

1۔ کاہلی :
عام اور غلط تاثر کے برعکس آن لائن کام اور آمدن کے معاملے میں سستی اور کاہلی کی کوئی گنجائش نہیں۔ مناسب منصوبہ بندی نہ کی جائے اور خود کو نظم وضبط کا پابند نہ بنایا جائے تو پیداواری صلاحیت نمایاں طور پر کم ہوجاتی ہے۔ لہذا آن لائن کام کرنے والوں کے لیے ایک اہم چیلنج یہی ہے کہ انہوں نے کسی کام کو مکمل کرنے کے لئے جو وقت دیا ہے، اسی وقت پر پورا کریں اور تاخیر نہ کریں۔ یاد رکھیئے انٹرنیٹ سے پیسے کمانے کے ذیل میں کام کے حوالے سے اخلاقیات کی سختی سے پاسداری بے حد اہمیت رکھتی ہے۔

2۔ توجہ کا انتشار:
چونکہ آن لائن کام کرنے والے لوگوں کی اکثریت گھر پر رہتے ہوئے کام کرتی ہے، اس لئے انہیں با ر بار ایسے حالات اور ماحول کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے جو (کام پر سے) دھیان ہٹانے اور ارتکاز توجہ کو منتشر کرنے کا باعث بن سکتے ہیں۔ گھریلو ماحول کے علاوہ سوشل میڈیا سائٹس، گیمنگ اور یوٹیوب وغیرہ جیسے عوامل بھی آن لائن آپ کی توجہ کام سے ہٹا کرکسی اور طرف مرکو ز کرسکتے ہیں ان سب سے بچنے کا یہی طریقہ ہے کہ اپنے کام کا ایک حقیقت پسندانہ شیڈول (نظام الاوقات) ترتیب دیجئے اور سختی سے اس کی پابندی کیجئے۔

3۔ نیٹ ورکنگ (باہمی رابطوں) کے کم تر مواقع:
آن لائن کام کے دوران آپ کو بہت کم ہی یہ موقع مل پاتا ہے کہ اپنے شعبے کے ماہرین سے گفتگو یا ملاقات کرپائیں۔ یہ چیز آپ کو تنہائی کا شکار کرسکتی ہے۔ کام کے بارے میں اپنے ساتھیوں اور دوستوں سے بات نہ ہونا بھی اکتاہٹ اور یکسانیت کے احساس کو جنم دے سکتا ہے۔ البتہ اب یہ حالات تبدیل ہورہے ہیں کیونکہ آن لائن کاموں میں آنے والوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ آج انٹرنیٹ پر آن لائن کام کرنے والو ں کی ایک بڑی کمیونٹی وجود میں آچکی ہے اور آپ بھی بہ آسانی اس کا حصہ بن سکتے ہیں۔ صرف ڈھونڈنے کی ضرورت ہے مختلف ویب سائٹس اور سوشل میڈیا گروپس میں وقتاً فوقتاً ویبینار (آن لائن سیمنیار) ہوتے رہتے ہیں جہا ں آپ کو اپنے متعلقہ شعبے میں زیادہ ماہر اور تجربہ کار افراد سے بات چیت کرنے او رکچھ نیا سیکھنے کا موقع ملتا رہتا ہے۔

4۔ انٹرنیٹ کی محتاجی :
ظاہر ہے کہ جب کوئی کام آن لائن ہوگا تو اس کا مکمل انحصار انٹرنیٹ کی دستیابی پر ہی ہوگا۔ پاکستان جیسے کسی بھی ترقی پذیر ملک میں گھنٹوں لوڈشیڈنگ اور انٹرنیٹ کنکشن کا گھنٹوں تک بند رہنا ایسے اہم مسائل ہیں جو آپ کے کام میں رکاوٹیں ڈال کر اس کا معیار او ر مقررہ وقت پر تکمیل، دونوں کو شدید متاثر کر سکتے ہیں۔اگر وسائل اجازت دیں تو آپ اس مشکل سے بچنے کے لیے بیک اب انٹرنیٹ کنکشن اور یوپی ایس جنریٹر کا بندوبست کرسکتے ہیں تاکہ کام متاثر نہ ہو اور برقت مکمل ہوجائے۔

پتے کی بات:
اس ساری بحث سے یہ واضح ہوگیا ہوگا کہ پیسہ کمانے کے کسی بھی دوسرے ذریعے کی طرح آن لائن کام سے آمدنی حاصل کرنے کے مثبت پہلوؤں کے ساتھ منفی پہلو بھی ہیں آسانیاں ہیں تو مشکلات بھی ہیں۔ لہذا اس میدان میں بھی مسائل پر قابو پانے کے لیے ضروری ہے کہ اپنے وقت کا درست انداز میں استعمال کرتے ہوئے اپنے نظم و ضبط اور کام کے حوالے سے اخلاقی تقاضوں سے کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں