ایک مشہور برانڈ کیسے بنا جاتا ہے۔؟

خوش حال طبقہ ناشتہ میں یا چائے کے ساتھ اناج کی بنی ہوئی ہلکی چیزیں لینا پسند کرتا ہے۔ اسی کی ایک صورت وہ ہلکی خوراک ہے جس کو کارن فلیکس کہا جاتا ہے۔ اس کی مختلف قسمیں بازار میں فروخت ہوتی ہیں بہت سی فرموں نے مختلف ناموں سے کارن فلیک بنائے۔ ان کے مزہ میں طرح طرح کا تنوع پیدا کیا مگر ہندوستانی مارکیٹ میں وہ زیادہ کامیاب نہ ہوسکے۔ حالاں کہ انہوں نے اشتہارات پرکافی رقمیں خرچ کیں اس وقت ہندوستان کے بازار میں صرف دو فرموں کے بنائے کارن فلیک زیادہ چل رہے ہیں۔ ایک ہندوستانی ویجی ٹیبلس آئلز کا رپوریشن کا اور دوسرے موہن میکنس لمیٹڈ کا۔ یہ دونوں فرمیں سالانہ ایک ہزار ٹن کارن فلیک فروخت کرتی ہیں جن کی قیمت تین کروڑ پچاس لاکھ ہوتی ہے۔ حالانکہ دونوں فرمیں اشتہار پر سرے سے کوئی رقم خرچ نہیں کرتیں۔ ان کا تیار کیا ہوا کارن فلیک بغیر کسی اشتہار کے فروخت ہوتا ہے۔
(ٹائمز آف انڈیا، 9جون 1990ء)

اس فرق کی وجہ کیا ہے اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ دوسری فرموں کی کوئی تاریخ نہیں انہوں نے کسی نام سے کارن فلیک کی ایک قسم بنائی۔ وہ بازار میں نہیں چلی تو انہوں نے دوسری قسم بنا ڈالی یا سرے سے اس کو بنانے کا کام چھوڑ کر کوئی دوسرا کام شروع کیا۔

اس کے برعکس مذکورہ دونوں کامیاب فرموں کی صنعت کے پیچھے 20سال کی تاریخ ہے وہ 20سال سے متواتر ایک ہی قسم کے کارن فلیک بنارہی ہیں۔ 20سالہ تاریخ میں ان کو لوگوں کی نظر میں معلوم اور مسلم بنا دیا ہے۔ کسی آدمی کو کارن فلیک لینا ہوتا ہے تو اس کے ذہن میں پہلے سے اس کا نام موجود ہوتا ہے اور وہ بازار جاکر اپنے اس معلوم کارن فلیک کو خرید لیتے ہیں۔

یہ کاروبار میں ترقی کا راز ہے۔ کاروبار میں استقلال کی حیثیت لازمی شرط کی ہے آپ کاروبار کرکے اس کو چھوڑتے یا بدلتے رہتے ہیں تو آپ کبھی کاروبار میں کامیاب نہیں ہوں گے، اور اگر آپ کاروبار کرکے اس پر جمے رہیں کسی بھی دشواری کی وجہ سے اس کو نہ چھوڑیں تو ”20سال“ گزرنے کے بعد آپ لازماً کامیابی کی اگلی منازل پر پہنچ چکے ہوں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں