بہترین فوٹو گرافر کے لیے لاجواب کمائی کی چند ویب سائٹس ۔

ہر وہ شخص جو اسٹاک فوٹو گرافی کے میدان میں قدم رکھنا چاہتا ہے اسے اسٹاک فوٹو گرافی شروع کرنے سے پہلے ایسا سوال جو تقریباً تمام نئے فوٹوگرافرز لازماً پوچھتے ہیں کیا میں اتنا اچھا ماہر ہو کہ اس میدان میں قدم رکھ سکوں؟
اس کا جواب بھی بہت سادہ او ر آسان ہے اگر آپ اچھے معیار کی تصاویر، منفرد زاویوں سے کھینچنے کے قابل ہیں تو یہ کام شروع کرنے کے لیے بالکل تیار ہیں۔ جب معاملہ مائیکرواسٹک فوٹو گرافی کا ہوتو اس میں آپ کو ذہن نشین رکھنا ہوگا کہ یہاں آپ کے پاس سیکھنے کے لئے متعدد مواقع ہوں گے۔
اسٹاک فوٹو گرافی میں اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ آپ نئے ہیں یا تجربہ کار بس آپ کا کام اچھا اور منفرد ہونا چاہیے جو خریدار (کلائنٹ) کو پسند آجائے۔ درست سمت میں آغاز کرنے کے لئے یہاں ہم آپ کیلئے اسٹاک فوٹوگرافی کی پانچ بہترین ویب سائٹ بتاتے ہیں جہاں آپ اپنا وقت بہتر طور پر صرف کر سکتے ہیں۔

1۔ شٹراسٹاک (Shutterstock)
https://www.shutterstock.com
یہ ویب سائٹ گزشتہ سترہ سال سے کام کررہی ہے اور مائیکرو اسٹاک کے حوالے سے دنیا کے بڑے پلیٹ فارم میں سے ایک ہے۔ شٹراسٹاک پر رجسٹریشن کا طریقہ بہت آسان ہے رجسٹریشن کا عمل مکمل کرنے کے بعد آپ کو یہاں پر اپنی دس بہترین تصویریں اپ لوڈ کرنی ہوتی ہیں۔شٹراسٹاک کے ماہرین آپ کی ان تمام تصویروں کا جائزہ لیتے ہیں جس میں سات سے دس دن لگ جاتے ہیں۔ کام شروع کرنے کے لئے ضروری ہے ان پہلی دس تصویروں میں سے کم از کم ایک تصویر یہاں ڈسپلے پر رکھنے کے لئے منظور کرلی جائے۔
اگر دس میں سے ایک تصویر بھی قبول کرلی گئی تو اس کے بعد مزید تصویریں یہاں رکھوانے کے لئے آزاد ہوں گے۔ لیکن یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ منظور یا مسترد ہوجانا اس کام کا حصہ ہے لہذا اگر پہلی کوشش میں دس تصویریں بھی مسترد ہوجائیں تو مایوس ہونے کی کوئی ضرورت نہیں۔ کوشش جاری رکھئے تاکہ کسی نہ کسی کوشش کا نتیجہ مثبت نکلے۔ پہلی دس تصویروں کی منظوری کے امکانات بہتر بنانے کے لئے ضروری ہے کہ وہ ساری تصویریں بہت واضح ہوں۔ اس کے علاوہ تصویروں میں ”انڈر ایکسپوژ“ اور ”اوور ایکسپوژر“ سے بھی گریز کیجیے۔ مطلب یہ کہ آپ کی تصویروں میں نہ تو اتنی تاریکی ہوکہ منظر واضح نہ ہو اور نہ ہی اتنی روشنی ہوکہ وہ آنکھوں میں چبھنے والی محسوس ہوں۔

2۔ فوٹو لیا (Fotolia)
https://www.fotolia.com
اگرچہ یہ ویب سائٹ آج ایڈوبی فوٹو شاپ والی کمپنی ”ایڈوبی“ کی ملکیت ہے لیکن پھر بھی یہ اپنی علیحدہ حیثیت سے شناخت رکھتی ہے اتنا ضرور ہوا ہے کہ اسے ایڈوبی کی جانب سے خطیر سرمایہ کاری سے بہت فائدہ پہنچا ہے۔ فوٹولیا کی مارکیٹنگ بہت اچھی کی گئی ہے لہذا یہ منافع کمانے کے خواہش مند افراد کے لئے زبردست امکانات رکھتی ہے۔
یہاں کمیشن کی شرح بھی بہت اچھی ہےء۔ نئے لوگوں کو یہاں غیر مخصوص تصاویر کی فروخت پر 20فیصد حصہ ملتا ہے۔ تاہم وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اس ویب سائٹ سے ملنے والے کمیشن کی شرح 46فیصد تک پہنچ سکتی ہے۔ خاص الخاص صرف ایک ہی کلائنٹ کو فروخت کئے جانے والی تصویروں پر تخلیق کار موصول شدہ رقم میں سے 35فیصد کی ادائیگی ہوتی ہے جو پرانے پیشہ ور فوٹو گرافرز کے لیے 63فیصد تک ہوسکتی ہے۔

3۔ آئی اسٹاک فوٹو (iStockphoto)
https://www.istockphoto.com/
یہ مائیکرو اسٹاک فوٹوگرافی کے میدان میں دنیا کے بڑے پلیٹ فارمز میں سے ایک ہے۔ یہ ایسے فوٹو گرافروں کے لیے بہترین ہے جو اپنی تخلیقی کاوشوں سے آن لائن پیسہ کمانے کے نت نئے طریقوں کی تلاش میں رہتے ہیں۔ 2006میں اسے دنیا کی ایک بڑی اسٹاک کمپنی ”گیٹی امیجز“ نے خریدلیا تھا۔ تب سے لے کر آج تک گیٹی امیجز میں جدید سے جدید تر سافٹ وئیر کی بدولت اسے بھی زبردست فائدہ پہنچا ہے۔ آج زیادہ خریدار اسی کی طرف متوجہ ہوتے ہیں اور کسی دوسری جگہ سے اسٹاک فوٹو گرافی خریدنے کے بجائے یہیں سے اپنے لئے تصاویر خریدتے یا لائسنس پر حاصل کرتے ہیں۔ یہ ویب سائٹ ایسے فوٹو گرافروں کے لیے بہترین ہے جو اسٹاک فوٹو گرافی کے میدان میں قدم رکھنے کے خواہشمند ہیں۔
جو فوٹو گرافرز آئی اسٹاک فوٹو پر کام رکھوانا چاہتے ہیں، انہیں پہلے ایک ٹیسٹ دینا پڑتا ہے ٹیسٹ کا مقصد یہ جاننا ہوتا ہے کہ درخواست دینے والا فوٹو گرافر اسٹاک فوٹو گرافی کے لیے درکار معیار اور قانونی پہلو ؤں سے واقف ہے یا نہیں۔
ٹیسٹ میں کامیابی کے بعد آپ کو یہاں اپنے ملک کا شناختی کارڈ اور تین تصویریں (اسٹاک فوٹوز) اپلوڈ کرنا ہوتی ہیں اپنے کام میں سے تین بہترین تصوریں منتخب کیجیے کیونکہ اگر وہ منظور کرلی گئیں تو پھر آ پ اس ویب سائٹ کے لیے کنٹریبیوٹر (کام کرنے والا) کے طور پر قبول کرلئے جائیں گے۔

4۔ پونڈفائیو (Pond5)
https://www.pond5.com/
اسٹاک فوٹو گرافی کی دوسری بیشتر ویب سائٹس کے برعکس، جن میں سے کچھ کا تذکرہ اوپر کیا جاچکا ہے، یہ خاص پلیٹ فارم صرف فوٹو گرافی تک محدود نہیں۔ یہ تصویروں کے علاوہ اپنے خریداروں کو ویڈیو فوٹیج بھی فروخت کرتا ہے۔ پونڈ فائیو کی بہترین خاصیت یہ ہے کہ یہاں تخلیقکار اپنے کام (تصویروں اور ویڈیو فوٹچز) کی قیمت فروخت خود طے کرنے میں آزاد ہوتا ہے اس پلیٹ فارم کا دوسرا بڑا فائدہ یہ ہے کہ اس پر کوئی بھی تخلیق کار ہمیشہ اپنے فروخت شدہ کام کی قیمت کا 50فیصد وصول کرتا ہے (باقی پچاس فیصد کمپنی کا کمیشن ہوتا ہے) مطلب یہ کہ آپ چاہے نئے ہوں یا پرانے پیشہ ور، ہر صورت میں آپ کو 50فیصد حصہ ہی ملے گی۔
اس ویب سائٹ پر فراہم کردہ معلومات کے مطابق، یہاں کسی بھی امیج کے قابل قبول ہونے کے لیے ضرور ی ہے کہ صاف ستھرا کیمرہ لینس ہو، فوکس بالکل نپا تلا ہو، صحیح اسٹیج سیٹنگ کی گئی ہو اور لائٹنگ بھی بالکل مناسب رکھی گئی ہو۔ زیادہ صحیح الفاظ میں یوں کہے کہ تصویر پیشہ وارانہ انداز میں کھینچی گئی ہو۔

5۔ ایڈوبی اسٹاک (Adobe Stock)
https://www.stock.adaobe.com/
جب ایڈوبی اسٹاک نے فوٹو لیاکو خریدا، تب سے لے کر آج تک اس نے بڑی کامیابی سے خود کو مائیکرو اسٹاک پلیٹ فارم کے طور پر دنیا بھر میں منوایا ہے کیونکہ یہ فوٹو گرافروں کو اچھے معیار کی تصویریں فروخت کرنے میں زبردست مواقع فراہم کرتا ہے۔ لہذا یہ نئے لوگوں کے لیے اسٹاک فوٹو گرافی کا بہترین پلیٹ فارم قرار پاتا ہے۔ اگرچہ یہاں آپ کے لیے اپنا کام فروخت کرنے کے لیے بہت زیادہ اور روشن مواقع موجود ہیں لیکن ساتھ ہی ساتھ یہ بھی ذہن نشین رہنا ضروری ہے کہ ایڈوبی اسٹاک سے آپ کو کمیشن بہت کم، یعنی صرف 33فیصد ملے گا۔ لہذا اگر آپ نے ایڈوبی اسٹاک کے لیے کام کرنے کا فیصلہ کر ہی لیا ہے تو ایک تصویر سے زیادہ پیسہ کمانے کی امید نہ رکھئے گا۔ ہاں البتہ اتناضرور ہے کہ اگر آپ کی زیادہ تصویریں قبول کرلی گئیں تو اسی وقت آپ یہاں سے زیادہ رقم بھی کما سکیں گے۔

نوٹ: اگر آپ اسٹاک فوٹوگرافی کا کام شروع کرنا چاہتے ہیں تو مذکورہ بالا پانچ پلیٹ فارمز آپ کے لیے مناسب ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں