قیادت کا راز۔۔؟

دانشوروں کا کہنا ہے:
ایک ہزار مزدور یا معاونین اکٹھے کرلینا آسان ہے لیکن ایک قابل مخلص اور بے لوث لیڈر تلاش کرنا مشکل ہے
ہر پراجیکٹ یا ہر ادارے کے لیے باصلاحیت او ر سچا رہنما حاصل کرنا بنیادی مسلہ ہوتا ہے۔ ایسا مخلص لیڈر جو ادارے یا کمپنی کو ترقی کی راہ پر چلا سکے۔ صرف نام کا لیڈر کسی کام کا نہیں ہوتا۔ ماتحتوں پرحکم چلا لینا، ان پر رعب ڈال لینا اور با ت ہے، اور کارکنوں سے ادارے کو کامیابی سے ہم کنار کرنا الگ بات ہے۔
اگر لیڈر یا رہنما کا انتخاب درست ہوگا تو ادارہ یقیناترقی کرے گا۔ اگر انتخاب درست نہ ہوا تو ترقی کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا۔ مخلص اور ہمدرد لیڈر اپنے ساتھیوں کے تعاون سے آگے بڑھتا ہے۔ وہ ماتحت عملہ بھرتی نہیں کرتا، بلکہ مخلص ساتھیوں کو جمع کرتا ہے۔ کیوں کہ کوئی بھی ادارہ ماتحت عملہ کی وجہ سے ترقی نہیں کرتا۔ کسی ادارے کی کامیابی یا ناکامی کا دارومدار اس ادارہ کے لیڈر پر ہوتا ہے۔
مینجمنٹ کے مشہور برطانوی ماہر ”ہربرٹ کیسن“ نے کہا تھا۔
کاروباری دنیا مسابقت اور تصادم کی دنیا ہے۔ نفع اور نقصان کی دنیا ہے۔ نشیب وفراز کی دنیا ہے۔ یہ کوئی آرام دہ اور پر آسائش آفس نہیں ہے کہ جہاں آپ ایک بڑی سی ٹیبل کے سامنے بیٹھ کر خوبصورت لڑکیوں کے ساتھ مسکرانے اور ماتحت عملے کی کوشامد بھری باتوں سے محفوظ ہوتے رہتے ہیں۔
یہ بات صرف کاروبای دنیا کے لیے درست ہے بلکہ لیڈر شپ یا قیادت کے لیے بنیادی اہمیت کی حامل ہے۔ کامیاب لیڈر بننے کے لیے اس بات کو ہمیشہ ذہن میں رکھنا ضروری ہے کہ مسابقت اور تصادم کسی انسان سے نہیں بلکہ کاروباری مسابقت کا نام ہے۔ یوں بھی ہمارا یہ دور مسابقت یا مقابلہ آرائی کا دور ہے۔ ہر شخص دوسرے سے آگ نکل جانے میں سرگرم ہے۔ ہر کمپنی دوسری کمپنی کو نیچا دکھانے کی کوشش میں مصرو ف ہے اور ہر ملک دوسرے ملک پر سبقت لے جانے کے لیے تک و دود کررہا ہے۔ جیت یا کامیابی انحصار رہنماوں یا لیڈروں کی قابلیت خلوص اور صلاحیتوں پر ہے۔
ہم اس مختصر سے باب میں لیڈر شپ کا ٹریننگ کورس نہیں درج کرسکتے۔زیادہ سے زیادہ یہ کہا جاسکتا ہے اگر آپ کامیاب لیڈر بننے کے خواہش مند ہیں تو دوسروں کے تعاون اور خلوص کو اہمیت دیں۔ تعاون اور خلوص کو زبردستی حاصل نہیں کیا جاسکتا۔ اس کے لیے محبت، خلوص اور حکمت آمیز رویے کی ضرورت ہوتی ہے۔ ایک اچھا لیڈر وہی ہوتا ہے جو دوسروں کے خوابوں کو ترجیح دیتا ہے اور ان خوابوں کو حقیقت کا روپ دیتا ہے۔ ان کی آرزووں کی تکمیل کرتا ہے۔ جو پر خلوص اور بے غرض ہوتا ہے۔
ایک اچھا لیڈر پرچم لیے سب سے آگے ہوتا ہے۔ ہاتھ میں کوڑا لیے عوام کے پیچھے پیچھے نہیں چلتا وہ علمبردار ہوتا ہے نہ کہ کوڑا بردار وہ اپنی تعریف و توصیف کا بھوکا نہیں ہوتا بلکہ وہ دوسروں کی تعریف کرتا ہے۔ ان کی حوصلہ افزائی کرتا ہے اسے اپنی خوشیوں کی پرواہ نہیں ہوتی بلکہ دوسروں میں خوشیاں بانٹتا ہے۔
لیڈر شپ یا قیادت کی یہی خوبیاں آپ کو کم سے کم وقت میں دولت مند بنا سکتی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں