نوابوں کا شاہی قورمہ تیار کریں۔

یہ ڈش انڈیا میں نوابوں اور رہیسوں کی غذاوں میں شامل تھی آئیے آپ کو بتاتے ہیں کہ یہ کیسے تیا ر کرنی ہے۔
قورمے کے لئے خاص گوشت حاصل کیجئے چھوٹے بکرے کی کریلی والی بوٹیاں زیادہ مناسب رہیں گی۔ قورمے کے مصالحے بھی خاص طریقے سے پیسیں جائیں تو زیادہ مزہ دیتے ہیں۔ شاہی دربار میں قورمے کا مصالحہ سل کی بجائے ہاون دستے سے بہت باریک کوٹنے کے بعد چھان کر رکھ لیا جاتاتھا۔ لیکن آپ عام مصالحہ استعمال کرسکتے ہیں۔ پکاتے وقت دو ماشہ جوز جلوتری اور ایک ماشہ لونگ دو ماشہ الائچی، دوماشہ بھنا ہوا دھنیا، دو ماشہ مرچ سیاہ، اور دو عدد مرچ سرخ استعمال کی جائیں۔ پیاز آدھ پاو، ایک گھٹی لہسن اور اسی کے ہم وزن ادرک کا عرق نکال لیجئے۔ ادرک پیس کر بوٹیوں پر مل دی جائے اور گوشت کو آدھے گھنٹے تک پڑا رہنے دیا جائے۔ برتن میں گھی ڈال کر پیاز کو اچھی طرح سرخ کرلیا جائے۔ پھر پسا ہوا لہسن شامل کرنے کے بعد ڈھکنا ڈھک دیا جائے۔ پانچ منٹ تک برتن ڈھکارہے پھر ڈھکن کو اٹھا لیا جائے۔ اور آدھے گھنٹے تک مناسب پانی کے ساتھ پکنے دیا جائے۔ ٹھیک آدھے گھنٹے میں سے بعد بوٹیوں کو نکال لیا جائے۔ اور صاف کرکے الگ برتن میں ڈال دیا جائے۔ اب نمک حسب ضرورت ملا دیا جائے۔ اب گوشت کو اچھی طرح بھونا جائے اور لہسن کے پانی کے برابر چھینٹے دئیے جاتے رہیں۔ گوشت سرخ ہوجائے تو اوپر بتائے گئے مصالحے شامل کردئیے جائیں۔ کچھ دیر بھونا جائے اور پانی ملا کر گلا لیا جائے۔
یاد رہے کہ قورمہ کبھی تیز آنچ پر نہیں پکتا۔ گوشت کے گل جانے کے بعد ایک پاو دہی اور آدھ پاو بالائی چھان کر ملادی جائے۔ چھٹاک بادام کی گری بہت باریک پیس کر شامل کردئیے جائیں۔ اس کے بعد گوشت کو ایک بار پھر بھونا جائے۔
آخر میں زعفران، عرق گلاب اور کیوڑا شامل کرلیا جائے۔
تو یہ اب آپ کا شاہی انداز میں پکایا گیا لذید قورمہ تیار ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں