ورڈ آف ماوتھ مارکیٹنگ کیا ہے کیسے کی جائے۔؟

ورڈز آف ماوتھ مارکیٹنگ کا لفظی مطلب یہ ہے کہ لوگوں کی زبان سے کسی کاروبار کی مارکیٹنگ کروانا ہے یہ بھی مارکیٹنگ کا ایک موثر طریقہ ہے جس میں آپ کے صارفین سیلز مین سپلائرز اور ماہرین آپ کے کاروبار یا مصنوعات کی سفارش اور مارکیٹنگ کرتے ہیں۔ ایڈورٹائزنگ میں آپ اپنا سرمایہ خرچ کرکے اپنی مصنوعات کی تشہیر یا مارکیٹنگ کرتے ہیں جبکہ ورڈآف ماوتھ مارکیٹنگ میں لوگ اور صارفین بلامعاوضہ آپکی مصنوعات کی لوگوں میں تعریف، خریداری اور استعمال کرنے کا تجربہ بیان کرتے ہیں۔
ورڈ آف ماوتھ مارکیٹنگ بھی ریفرل مارکیٹنگ کے طریقوں کی طرح زیادہ موثر ہوتی ہے کیونکہ اگر کوئی شخص جس کا آپ کے کاروبار سے کوئی تعلق نہیں ہے اور وہ آپکے کاروبار یا مصنوعات کی تعریف کرتا ہے تو وہ بات زیادہ سچی اور قابل اعتبار ہوگی کیونکہ اس کو بیان کرنے والے شخص کا آپ کے کاروبار سے براہ راست تعلق نہیں ہوتا۔ ورڈ آف ماوتھ مارکیٹنگ کی ایک اور نمایاں خصوصیت یہ بھی ہے کہ اس قسم کی مارکیٹنگ سے صارفین کے مصنوعات خریدنے کا عمل آسان اور تیز ہوجاتا ہے۔
تحقیق سے پتا چلتا ہے کہ ایک عام مطمعن کسٹمر تین سے پانچ لوگوں کو اپنے تجربے سے آگاہ کرتا ہے جبکہ ایک غیر مطمعن اور ناخوش کسٹمرز دس سے بارہ لوگوں کو اپنا برا تجربہ بیان کرتا ہے معیاری، خالص، منفرد، جدید اور کم قیمت مصنوعات بذات خود ورڈ آف ماوتھ مارکیٹنگ کا بہت بڑا ذریعہ ہوتی ہیں۔

منددجہ ذیل طریقوں سے ورڈ آف ماوتھ مارکیٹنگ کے لاتعداد ذرائع پیدا کیے جاسکتے ہیں۔

1۔ صارفین کو مصنوعات اور خدمات کی خریداری کے موقع پر یا اس کے بعد غیر متوقع کسٹمر سروس دینے سے۔
2۔ مصنوعات کی غیر معمولی کارکردگی سے بھی ورڈ آف ماوتھ پیدا کیا جاسکتا ہے۔
3۔مصنوعات کی خریداری پر غیر معمولی گارنٹی وارنٹی دینے سے۔
4۔ اپنے کاروبار کے قیام سے متعلقہ کوئی خاص کہانی صارفین کو بتانے سے بھی ورڈ آف ماوتھ پیدا کیے جاسکتے ہیں۔
5۔ کوئی خاص ایونٹ کا اہتمام کرکے، اس میں اپنے صارفین اور ان کے احباب کو دعوت دے کر بھی ورڈ آف ماوتھ پیدا کیے جاسکتے ہیں۔
6۔ مشکل حالات اپنے صارفین ملازم، سپلائرز اور نادارلوگوں کی مدد کرکے بھی ورڈ آف ماوتھ پیدا کیے جاسکتے ہیں۔
7۔ اگر آپ کے صارفین آپ کی مصنوعات اور خدمات سے بہت زیادہ خوش ہیں تو وہ خود بخود آپ کی مصنوعات خریدنے کی سفارش کریں گے۔
8۔ آرام دہ اور پرسکون مصنوعات اور خدمات بھی ورڈ آف ماوتھ کا بہت بڑا سبب بنتی ہے۔
9۔ خوش ذائقہ اور مزیدار کھانے پینے کی مصنوعات صارفین کی زبان سے مارکیٹ میں بڑی تعداد میں ورڈ آف ماوتھ پیدا کرتی ہیں۔
10۔ کسی تقریب یا موقع پرنیک مقصد اور سماجی کام میں عطیہ وغیرہ دینے سے۔
11۔ پوائنٹ آف سیل پر بچوں کے لئے سویٹس، چاکلیٹ اور غبارے وغیرہ فری دینے سے۔

معیاری مصنوعات اور خدمات کاروبار کی کامیابی کی ایک بڑی ضمانت ہوتی ہے۔ ہمارے معاشرے میں معیاری اورخالص مصنوعات بہت کم ملتی ہیں۔ گوشت، دودھ،مصالحہ جات اور دیگر کھانے پینے کی اشیاء میں ملاوٹ کی وجہ سے صارفین کافی پریشان رہتے ہیں۔ اگر خالص یا معیاری دودھ اورگوشت کی فراہمی کو یقینی بنا کر فروخت کیا جائے تو لوگ ایسے کاروبار کی آپس میں گفتگو کے دوران ورڈ آف ماوتھ کے ذریعے خود بخود مارکیٹنگ کرتے ہیں۔ جس کی وجہ سے ایسی دوکانوں اور کاروبار کے باہر خریداری کے لئے لوگوں کا ہجوم لگا رہتا ہے۔ اسی طرح ہم اپنی روز مرہ زندگی میں ڈاکٹر کے اچھے علاج معالجہ اور اچھی سروس کے متعلق اپنے عزیر و اقارب کی گفتگو کے دوران خود بتار ہے ہوتے ہیں کہ فلاں ڈاکٹر یا ہسپتال سے علاج معالجہ کے بعد تندرست یا صحت مند ہوئے ہیں اور ان کی تعریفیں کررہے ہوتے ہیں جسے ورڈ آف ماوتھ مارکیٹنگ کہتے ہیں جو صارفین اور لوگ اپنے عزیزو اقارب کو مفت میں کرتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں