پراڈکٹ کی مارکیٹنگ اور پروموشن کیسے کی جائے۔۔؟

جب آپ منفرد مصنوعات بنا لیتے ہیں یااس کا سٹاک خرید لیتے ہیں تو پھر ان کی مارکیٹنگ اور ایڈورٹائزنگ کے لئے آپ کو ایک خاص پیغام تیار کرنا ہوتا ہے۔ جو آپ کی مصنوعات کو مارکیٹ میں منفرد انداز میں اس طرح پیش کرے کہ جیسے لوگ ان کا کافی دیر سے انتظار کررہے تھے۔ مارکیٹنگ ( ایڈ) پیغام بناتے وقت اس بات کا خاص خیال رہے کہ یہ آپ کی مصنوعات کو مارکیٹ میں اپنے مقابل برانڈز سے منفرد مختلف یا بہتر بنا دے۔ مارکیٹنگ میں مصنوعات یا خدمات کا پیغام بنانے کے بعد اس کو کسی عبارت، آواز مودی کلپس اور ڈیزائن کی شکل میں لایا جاتا ہے جسے مارکیٹنگ ایڈ کہتے ہیں جو کہ عام طور پر سننے، دیکھنے یا پڑھنے کے لیے ہوتا ہے۔ مثال کے طور پر ٹی وی کمرشل دیکھنے اور سننے کے لیے ہوتی ہے، اسی طرح ریڈیو پر اشتہارات سننے کے لئے ہوتے ہیں اور پوسٹر، بل بورڈ یا انٹرنیٹ (فیس بک، ای میل اور ویب سائٹ) پر اشتہارات سننے دیکھنے اور پڑھنے کے لیے ہوتے ہیں۔ مارکیٹنگ پیغام کو مختصر رکھا جاتا ہے تاکہ لوگوں کو یاد رکھنے میں آسانی ہو اور صارفین کاروبار کی لمبی کہانیاں سننا پسند نہیں کرتے۔
مثال کے طور پر ہوم اپلائسس اور ریفریجر مصنوعات میں مختلف برانڈز کے مارکیٹنگ پیغام یہ ہیں ”نام ہی کافی ہے“ ”جو نام ہے اعتماد کا“ دودھ کے لیے جیسے ”خالص ہی سب کچھ ہے“ اسی طرح پانی کے موٹر پمپ کا مارکیٹنگ پیغام یہ ہو سکتا ہے کہ ”پانی ہی زندگی ہے“ مارکیٹنگ حکمت عملی اور میڈیا کا انتخاب اپنے وسائل، صلاحیت، علاقہ، مارکیٹ سائز، صارفین کی معلومات ٹرینڈ اور موقع کو مدنظر رکھتے ہوئے کیاجاتا ہے۔

میڈیا کو مندرجہ ذیل اقسام میں تقسیم کیا جاسکتا ہے۔
1۔ الیکٹرانک میڈیا (ٹی وی، گوگل، یاہو، انٹرنیٹ،یوٹیوب، ریڈیو وغیرہ)
2۔ پرنٹ میڈیا (اخبار، میگزین، کیٹالاگ وغیرہ)
3۔ سوشل میڈیا (فیس بک، انسٹاگرام، ڈیلی موشن، ٹویٹر، لنکڈان وغیرہ)
4۔ آوٹ ڈور میڈیا (بل بورڈ، بینرز، سٹیمرز وغیرہ)
چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے حامل افراد اپنے کاروبار اور مصنوعات کی مارکیٹنگ یا تشہیری پیغام کو اپنے صارفین تک پہنچانے کیلئے سب سے سستے میڈیم بالترتیب اور ترجیح کے ساتھ استعمال کرسکتے ہیں۔
فیس بک اور سوشل میڈیا کے ذریعے۔
انٹرنیٹ کے وسیع پیمانے پر استعمال سے چھوٹے اور درمیانے کاروبار کے لیے اپنے کاروبار اور اس کی مصنوعات کے پیغام کو عوام الناس تک سستے ترین طریقوں سے پہنچانے میں بہت آسانی ہوگئی ہے۔ خوبصورت ایڈ بناکر فیس کے ذریعے آپ لوگوں کو اپنی مصنوعات اور خدمات خریدنے کی دعوت دے سکتے ہیں۔مارکیٹنگ کا ایڈ بناتے ہوئے اس بات کا خیال رکھیں کہ اس میں مختصر سا پیغام ہو جس میں مصنوعات کی انفرادیت کو اجاگر کیا گیا ہو، تصاویر ہوں، مصنوعات کو خریدنے کا طریقہ کارہو، رابطہ نمبر اور پتہ موجود ہو۔ مصنوعات کی انفرادیت کی بنیاد پر بار بار فیس بک پر اپنے ایڈ بنا کر پوسٹ کرنے سے خریدو فروخت کے ساتھ ساتھ مارکیٹ میں کاروبار کا اچھا امیج بھی ڈویلپ ہوتا ہے۔
مارکیٹ میں ایسے کاروبار اور لوگ موجود ہیں جو آپ کے کاروبار کے فیس بک لائیکس کو بڑھا سکتے ہیں اور اگر آپ کی مصنوعات میں کشش ہوگی تو لو گ آہستہ آہستہ آپ کے پیج کو لائیک کرنا شروع ہوجاتے ہیں۔ صارفین کے لیے ڈسکاونٹ اور سیلز پروموشن پیکج بھی آپ کے فیس بک پیج لائیک بڑھا سکتے ہیں۔
فیس بک کے متعلق چند حقائق درج ذیل ہیں۔
1۔ دو ارب کے قریب لوگ فیس بک استعمال کرتے ہیں۔
2۔80فیصد سے زاہد لوگ کم از کم مہینے میں ایک مرتبہ فیس بک ضرور استعمال کرتے ہیں۔
3۔ تقریباً ساٹھ کروڑ کے نزدیک لوگ روزانہ کی بنیاد پر فیس بک چیک یا استعمال کرتے ہیں۔
4۔ تقریباً ایک ہفتہ میں تین ارب سے زاہد مختلف پوسٹس کو لائک کیا جاتا ہے۔
5۔ فیس بک کی سہولت تقریباً 70زبانوں میں موجود ہے۔
6۔ سوشل میڈیا کا بہت زیادہ استعمال ہورہا ہے اور اس میں تیزی سے اضافہ ہورہاہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں