ڈومین نیم کی خریدوفروخت سے کیسے پیسہ کمائیں۔

انٹرنیٹ کی دنیا میں یہ کام ویب سائٹس کی خریدوفروخت سے بھی زیادہ پرانا ہے اس کا طریقہ بھی ویب سائٹ کی خریدوفروخت جیسا ہی ہے۔ البتہ یہاں آپ کو صرف ویب سائٹ کا نام (ڈومین نیم) خرید کر رکھنا ہوتا ہے جسے آپ صحیح وقت آنے پر صحیح منافع پر فروخت کردیتے ہیں۔
ایک کامیاب ڈومین نیم ری سیلز یا بروکر بننے کے لیے ضروری ہے کہ آپ ایک خریدار کے انداز میں سوچئے۔ مطلب یہ کہ اگر فلاں ڈومین نیم آپ کو خریدنا ہوتا تو آپ کیوں خریدتے؟ اس میں ایسا کیا ہونا چاہیے کہ آپ خود کو اسے خریدنے پر آمادہ محسوس کریں۔ ایک ایسا خریدار جو کسی ڈومین نیم کو خریدنے کے بعد اچھی رقم پر کسی اور کو فروخت کرنے کا ارادہ رکھتا ہو،اسے یہ اعتماد ہونا ضروری ہے کہ ڈومین نیم اس نے خرید ا ہے وہ واقعی ایسا ہے کہ بعد میں منافع پر فروخت ہوجائے گا۔ اب یہ اعتماد اور یقین کیسے حاصل کیا جائے؟
اس کے لیے ذیل میں پانچ مشورے دئیے جارہے ہیں جنہیں یقینا آپ بہت مفید پائیں گے۔

1۔ اپنی توجہ باریک بینی سے مرکوز کیجئے۔
بہت سے لوگوں نے پہلے ہی بہت سارے ڈومین نیمز رجسٹرکروا رکھے ہیں۔ ویب سائٹس کی تعداد بڑھنے کے نتیجے میں اب نت نئے ڈومین ایکسٹینشز بھی آنے لگے ہیں جیسے کہ appاور clubوغیرہ۔ یہاں باریک بینی کے ساتھ توجہ مرکوز کرنے کا مطلب ایک ایسے ڈومین نیم کی تلاش ہے جو آپ کے لیے جانا پہچانا بھی ہو۔
اگر آپ کسی خاص ڈومین سے واقف ہوں گے تو اس بارے میں سوچ سمجھ کر اور نپا تلااندازہ بھی لگاسکیں گے کہ کوئی ممکنہ خریدار اس ڈومین کو کیوں تلاش کررہا ہوگا: اور یہ کہ وہ اسے خریدنے پر پیسہ کیوں خرچ کرنا چاہے گا۔ اس کے لیے متعلقہ ڈومین سے بھرپور واقفیت کے علاوہ اس شعبے پر بھی آپ کو مسلسل تحقیق کرتے رہنے کی ضرورت ہے۔ اچھی خبر یہ ہے کہ جب آپ اپنے خاص ڈومین پر باریکی سے توجہ مرکوز کریں گے تو ایک وسیع انتخاب آپ کے سامنے ہوگا۔ ان میں سب سے عام تو ایپش، پالتو جانور حُسن (بیوٹی) صحت او ر ورزش وغیرہ ہیں لیکن یہ فہرست شاید کبھی ختم نہ ہونے والی ہے۔

2۔ سدا بہار اور حقیقی اہمیت رکھنے والے ڈومین نیمز تلاش کیجئے۔
ایک بار پھر خریدار بن کر سوچیے کہ کونسا اور کس طرح کا ڈومین آپ کے لیے زیادہ اہمیت کا حامل رہے گا۔ کیونکہ آپ اس شعبے سے واقف ہیں جس پر آپ کی توجہ مرکوز ہے تو آپ خود سے نپے تلے سوال کیجئے اور ان کے جواب معلوم کرکے ایسا ڈومین نیم خریدنے کا فیصلہ کیجئے جس میں خریدار کی زیادہ دلچسپی بھی ہو اور جس کے لیے وہ معقول رقم ادا کرنے پر تیار بھی ہوجائے۔ مثلا ً یہ سوال کہ کسی خریدار کے لیے یہ ڈومین نیم خریدنا کیوں اور کیسے فائدہ مند ہوسکتا ہے؟
کیا یہ نام ایک لمبے عرصے تک اتنا ہی موثر رہے گا؟
اپنے ذہن میں اس شخص کا خاکہ بنائیے جو اس شعبے کا ڈومین خریدنا چاہے گا کہ جس سے آپ بخوبی واقف ہیں۔ اگر اس جگہ آپ ہوتے اور وہ آپ کو یہی نام فروخت کرنے کی کوشش کرتا تو اسے خریدنے میں خود آپ کا اپنا کیافائدہ ہوتا؟

3۔ ڈومین نیم دستیاب ہونا بھی ضروری ہے !
جب ڈومین کی تلاش مکمل ہوجائے تو اگلا مرحلہ معلوم کرنے کا ہے کہ آیا ہی نام دستیاب ہے یا پہلے ہی کسی اور نے خرید رکھا ہے جس سے آپ کو یہ نام خریدنا ہوگا۔ ظاہر ہے کہ جو نام کسی اور نے خرید رکھا ہوگا، اسے تو اس کے پہلے مالک ہی سے خریدنا پڑے گا، بشرطیکہ وہ فروخت کرنے کے لیے تیار ہو۔ اس حوالے سے ایک بہترین جگہ ”گو ڈیڈی آکشنز“ (Go Daddy auctions)

4۔ تخمینہ لگا کر قیمت کا تعین کیجئے۔
جو ڈومین نیم بھی آپ کے ذہن میں ہے اس کی صحیح قیمت خرید کے بارے میں آپ کو یقینی معلومات ہونی چاہئیں۔ یہ کام آپ نیم بایو (namebio.com)یا ا س جیسی کسی دوسری ویب سائٹ سے لے سکتے ہیں جہاں ایک دوسرے سے ملتے جلتے، ایسے ڈومین نیمز کا آپس میں موازنہ ہوتا ہے جنہیں پہلے ہی فروخت کیا جاچکا ہے۔
اسی طرح جب آپ ڈومین فروخت کرتے کررہے ہوں تو اس کی قیمت پر ڈٹے رہنا بھی ضروری ہے۔ ایک خاص حد سے زیادہ رقم کمانے کے لئے آپ خود ہی اس ڈومین نیم کی بولی لگا سکتے ہیں۔ ممکنہ خریدار تلاش کرتے وقت ایسے کاروباری اداروں پر خصوصی توجہ دیجیے جو اس ڈومین نیم سے ملتے جلتے ناموں کے ساتھ کاروبار چلا رہے ہوں: کیونکہ اس بات کا قوی امکان ہے کہ وہ اپنے کاروباری نام اور ساکھ کو بچانے کے لئے ہی آپ سے وہ ڈومین نیم خرید لیں۔ اس معاملے میں صبروتحمل بہت زیادہ ضروری ہیں۔

5۔ ڈومین نیم کی تشہیر (ایڈورٹائزنگ) کیجئے۔
کہتے ہیں کہ جو دکھتا ہے وہ بکتا ہے۔ لہذا اگر آپ کوئی ڈومین نیم فروخت کرکے اچھے پیسے کمانا چاہتے ہیں تو اس کا مشہور ہونا بھی ضروری ہے۔ اس ضمن میں یہ بات ذہن نشین رکھئے گا کہ جس پلیٹ فارم پر آپ اپنا ڈومین نیم فروخت کے لئے رکھ رہے ہیں، اسے قابل بھروسہ بھی ہونا چاہے۔ یعنی اس کی ساکھ اچھی ہو۔ ایک اچھا یعنی اچھے پیسے دینے والا خریدار بھی آپ کو ایسے ہی کسی پلیٹ فارم سے ملے گا جس کی ساکھ اچھی ہو۔ ایسے کسی بھی پلیٹ فارم کا مجاز حکومتی اداروں سے لائسنس یافتہ ہونا ضروری ہے یا پھر وہ ”بیٹر بزنس بیورو“ جیسے کسی قابل بھروسہ ادارے سے تسلیم شدہ ہو۔

حرف آخر۔
ویب سائٹ اور ڈومین نیم کی خریدو فروخت سے آن لائن پیسہ کمانا بھی ممکن ہے، بشرطیکہ آپ کسی سستی لیکن قابل منافع ویب سائٹ یا ڈومین نیم کو شناخت کرنا جانتے ہوں۔ پھر اسے بہتر بنانا اور اچھے سے اچھے داموں میں فروخت کرنے کے لئے بھا و تاو کا ہنر بھی آپ کی گرفت میں ہونا ضروری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں