امریکہ کی تجارتی کامیابی کا راز۔؟

امریکہ کے تاجر اپنی تجارت کو بڑھانے کے لیے ہر قابل قیاس اور ناقابل قیاس تدبیریں کرتے ہیں۔ مثلاً امریکہ میں ضرورت کی تمام چیزیں قسطوں پر حاصل کی جاسکتی ہیں یہاں یہ بات ذہن نشین رہے کہ ہمارے ملک میں آج یہ کام چل رہا ہے جبکہ امریکہ نصف صدی سے ہی یہ کرتا آرہا ہے کہ جس شہری کے پاس نقط رقم نہیں ہے تو وہ اپنی پسند کی چیز قسطوں میں خرید سکتا ہے۔ ویکوم کلیز ہو یا کئی ایکڑ اراضی پر پھیلی ہوئی عالیشان عمارت، موٹر کار ہو یا جیٹ طیارہ ہر چیز آسان قسطوں پر حاصل کی جاسکتی ہے۔ حتی کہ امریکیوں کے درمیان یہ کہاوت عام ہوگئی ہے کہ اگر آپ کے اندر اقساط ادا کرنے کی استطاعت ہوتو آپ امریکہ کو بھی خرید سکتے ہیں بشرطیکہ وہ بک رہا ہو۔

امریکہ کے تجارتی ادارہ کی ایک اہم ترین خصوصیت وہ ہے کہ جس کو گاہک نوازی کہا جاتا ہے۔ امریکہ کے بڑے بڑے تاجر ہمہ وقت اس کوشش میں رہتے ہیں کہ وہ اپنے گاہک کو خوش کریں اور انہیں اپنے بارے میں مطمعن کرسکیں۔ اسی گاہکی نوازی کے اصول کا ایک مظاہرہ یہ ہے کہ کسی تجارتی ادارہ کی ایک شاخ سے خریدا ہو ا مال ناقص ہونے یا پسند نہ آنے کی صورت میں ادارے کی کسی دوسری شاخ جو کسی دوسرے شہر میں ہے یعنی کہ آپ نے ایک چیز نیویارک سے خریدی ہے اور اگلے دن آپ ٹیکساس ہیں تو آپ اسی ادارے کی ٹیکساس کی برانچ پر جاکر وہ سامان یہ کہہ کر واپس کرسکتے ہیں کہ مجھے پسند نہیں آیا لہذا رکھ لیں اسے اور میرے پیسے واپس لوٹا دیں تو وہ کسی قسم کی بحث و تکرار نہیں کریں گے بلکہ مسکرا کر سامان لے لیں گے اور پیسے دے دیں گے۔ نہ تو کسی قسم کی جھنجلاہٹ نہ استفسار بس رسید پاس ہونی چاہیے تو اس سامان کی قیمت فی الفور لوٹا دی جاتی ہے۔
”خریدا ہوا مال واپس نہیں ہوگا“ کا لفظ امریکی لغت کے لیے اجنبی ہے۔

اگر پاکستان میں کچھ لو گ ایسا کریں کہ وہ ایک لمیٹڈ یا کواپر یٹو سوسائٹی قائم کریں اور مشترکہ سرمایہ پاکستان کے تمام بڑے بڑے شہروں میں ڈیپارٹمنٹل اسٹور کھولیں جہاں ہر طرح کا سامان بکتا ہو اور یہ ضمانت دیں کہ کسی بھی اسٹور سے خریدا ہوا سامان کسی بھی دوسری برانچ پر واپس کیا جاسکتا ہے تو ایسے کاروبار کی سارے پاکستان میں دھوم مچ جائے گی اور وہ یقینی طور پر زبردست کامیابی حاصل کرے گا۔ یہ تجارتی میدان اس ملک میں مکمل طور پر خالی ہے یہاں ہر کسی کے لیے اجارہ داری کی حد تک کامیابی کے مواقع کھلے ہوئے ہیں۔ تاہم اس امکان سے وہی لوگ فائدہ اٹھا سکتے ہیں جن کے اندر یہ ضروری صفات
پائی جاتی ہوں۔ محنت، دیانت اور اشتراک عمل۔

اپنا تبصرہ بھیجیں