آن لائن ترجمے کے کام سے بندہ کتنا کما سکتا ہے۔؟

اچھا معاوضہ دینے والی بیشتر سائٹس اوسطاً 3ڈالر فی 100الفاظ کے حساب سے معاوضہ دیتی ہیں۔ یعنی صرف 1,000الفاظ کا ترجمہ کرکے آپ 30امریکی ڈالر تک کا معاوضہ کما سکتے ہیں جو 4,500پاکستان روپے سے کچھ زیادہ ہی بنے گا۔ ایک اچھا مترجم مہینے میں 500ڈالر تک با آسانی کما سکتا ہے ۔

کچھ اہم مشورے :

1۔ ترجمہ شروع کرنے سے پہلے پوری دستاویز کو بغور پڑھ لیجئے :
ہر اچھا مترجم یہی کرتا ہے کہ وہ کام شروع کرنے سے پہلے اس کا بغور جائزہ لیتا ہے اور اگر اس بارے میں کچھ خاص ہدایات دی گئی ہوں تو انہیں بھی ضرور پڑھتا ہے تاکہ کام کرتے وقت انہیں مدنظر رکھ سکے۔ کام شروع کرنے سے پہلے اس کا بغور جائزہ لے کر آپ یہ بھی جان سکتے ہیں کہ کلائنٹ آپ سے کیا توقعات رکھتا ہے (یعنی وہ کس قسم کا ترجمہ چاہتا ہے) مثلاً اگر آپ کسی میڈیکل جرنل کے لیے ترجمے کا کام کرنا چاہتے ہیں تو دونوں زباوں میں (یعنی جس زبان سے ترجمہ کررہے ہیں او رجس زبان میں ترجمہ کرنا ہے) ملتے جلتے مواد کو کھنگالیئے۔

2۔ ترجمے کے بعد کام پر نظرِثانی کیجئے اور ضروری تبدیلیاں کیجئے :
یہ بھی بہت اہم نکتہ ہے کیونکہ اکثر مترجمین اپنا کام مکمل کرنے کے بعد پلٹ کر بھی نہیں دیکھتے کہ انہوں نے کیسا ترجمہ کیا ہے۔ اس کے برعکس ایک اچھا مترجم ہمیشہ اس بات کا خیال رکھتا ہے۔ جب وہ ترجمہ مکمل کرلیتا ہے تو وہ اپنے کئے ہوئے کام کو بہت توجہ اور باریک بینی اورتنقیدی نظر سے پڑھتے ہوئے اس مین املا معیار اور زبان کی روانی سے متعلق رہ جانے والی خامیوں او رکمزوریوں کو حتی الامکان دور کرتا ہے اور اپنا اطمینان کرنے کے بعد ہی کلائنٹ کو بھیجتا ہے۔ اگر اس نکتے پر عمل کریں گے تو آپ کے ترجمے کا معیار وقت کے ساتھ ساتھ بہتر ہوتا جائے گا اور جلد ہی آپ ایک ایسے مقام پر ہوں گے کہ زیادہ معاوضہ لینے والوں میں شامل ہوچکے ہوں گے۔

3۔ حرف بہ حرف ترجمے سے گریز کیجئے :
یہ بات دست ہے کہ بعض مخصوص قسم کے علمی وقانونی مواد کا حرف بہ حرف ترجمہ کرنا ضروری ہوتا ہے لیکن اس سے ہٹ کر آپ ترجمے کی درستی کھے ساتھ ساتھ زبان کی روانی اور سلاست پر بھی زور دیجئے تاکہ وہ ترجمہ پڑھنے والے کو احساس نہ ہوکہ یہ تحریر اصلاکسی او ر زبان میں لکھی گئی تھی۔ وہ مترجمین جو ہر طرح کے کام میں حرف بہ حرف ترجمے پر بہت زیادہ زور دیتے ہیں وہ اپنی ترقی کا راستہ روک لیتے ہیں۔تاہم اگر کلائنٹ نے حرف بہ حرف ترجمے کا مطالبہ کیا ہوتو پھر اسی پر سختی سے عمل کرنا ہے۔ ہوسکتا ہے کہ اسی کسی خاص مقصد کے تحت حرف بہ حرف ترجمہ درکار ہو۔

4نظِر ثانی اور ادارت کرتے وقت دشمن کی نظر سے پڑھئے :
ادارت یا نظر ثانی کرتے وقت یہ بھول جائیے کہ یہ کام آپ نے کیا ہے،بلکہ یہ سوچئے کہ آپ کے کسی دشمن اور کسی انتہائی ناپسندیدہ شخص نے یہ سارا ترجمہ کیا ہے، اور آپ کو اس میں سے کیڑے نکالنے کا کام کرنا ہے۔ جب اس سوچ کے ساتھ اپنی ہی تحریر پر نظر ثانی کریں گے تو بہت چھوٹی چھوٹی اور معمولی خامیاں بھی آپ کی نظروں میں آئیں گی، جنہیں دور کرکے آپ اپنے کام کو ہر ممکن حد تک خامیوں سے پاک بنا سکیں گے۔ اس مرحلے سے گزرنے کے بعد جب یہ کام آپ کے کلائنٹ تک پہنچے گا تو یقینا وہ آپ کی محنت کی داد دئیے بغیر نہیں رہ پائے گا۔ اور بہت ممکن ہے کہ آئندہ بھی وہ آپ سے زیادہ معاوضے پر ترجمہ کروانے کے لیے تیار ہوجائے۔

5۔ مقررہ تاریخ پر کام مکمل کیجئے :
یا درکھئے کہ مترجم چاہے کیسا ہی بہترین کیوں نہ ہو لیکن اگر وہ اپنے کلائنٹ کو مقررہ وقت پر کام مکمل کرکے نہیں دے گا تو کلائنٹ کی نظروں میں مقام بھی نہیں بناپائے گا۔ معاوضہ کم ہو یا زیادہ کلائنٹ ایک بار جو وقت طے کرلے، اس میں تاخیر برداشت نہیں کرتا لہذا کام مکمل کرنے کی تاریخ مقرر کرنے سے پہلے اس کام کا بھرپور جائزہ لے لیں اور کلائنٹ کو ایک حقیقت پسندانہ ڈیڈ لائن دیجئے۔ یہ بھی ہوسکتا ہے کہ کلائنٹ خود ہی آپ کو ڈیڈ لائن دے۔ ایسے میں یہ فیصلہ کرنا آپ کا کام ہے کہ آیا آپ ا س ڈیڈ لائن پر ترجمہ مکمل کرکے اس کے حوالے کرسکیں گے یانہیں اگر آپ کو محسوس ہوتا ہے کہ کام زیادہ ہے اور وقت بہت ہی کم ہے تو بہتر ہے کہ معذر ت کر لیجئے۔ بعد میں بروقت پورا نہ کرنے سے بہتر ہے کام شروع ہی نہ کیا جائے۔ اگر آپ منظم انداز میں پوری توجہ اور محنت کے ساتھ کام کریں گے تو ایک حقیقت پسندانہ ڈیڈ لائن پر ترجمہ مکمل کریں۔

یاد رہے اگر آپ کسی زبان پر مکمل عبور رکھتے ہیں تو آپ ایک کامیاب آن لائن ٹراسلیٹر بن سکتے ہیں۔ اس کے لیے آپ کو متعلقہ زبان کی باریکیوں، پیچیدگیوں، تکنیکی اور علمی اصطلاحات کا مفہوم، بہترین ترجمے کے طریقوں اور اس زبان کے سماجی پس منظر کے بارے میں بھی علم ہونا چاہے۔ آپ کسی زبان کے مختلف پہلوؤں کو جتنی باریکی سے جانتے ہوں گے اتنا ہی اچھا ترجمہ کرنے کے قابل بھی ہوں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں